
پہلا روزہ
رمضان کریم ۲۰۲۳/۱۴۴۴
الحمدللہ ہمیں اپنی زندگی میں ایک اور رمضان کی سعادت سے فیض یاب ہونے کا موقع مل رہا ہے۔ اس بار رمضان کا چاند اچانک ہی برآمد کر لیا گیا تھا تو ہر طرف کھلبلی مچ گئی تھی۔ آپی نے روزے کا پوچھا تو مابدولت نے انہیں اطمینان دلا دیا کہ کل روزہ نہیں ہے۔ دس بجے کے بعد اچانک سرخی چلنا شروع ہوئی، ”رمضان کا چاند نظر آ گیا ہے“ میرا تو منہ کھلا کا کھلا رہ گیا۔ پھر میں نے جلدی سے فیملی گروپ میں میسج کیا کہ کل روزہ ہے۔ میرا ذاتی خیال ہے مستند شہادتیں موصول ہونے کے بعد اعلان کیا گیا ہو گا۔
ہاں مزاحیہ لطائف دیکھ دیکھ کر ہنسی آتی رہی۔ اب چاہے وطنِ عزیز دیوالیہ ہی کیوں نہ ہو چکا ہو، ہماری حسِ مزاح، جس کو میں عرفِ عام میں شغلیانہ حس کہتی ہوں، اس پر کوئی قدغن نہیں لگ سکتی۔ ہم لوگ ہر موقع سے لطف اندوز ہونا بخوبی جانتے ہیں۔
خیر یہ پاکستان ہے اور یہاں یہ سب چلتا رہتا ہے۔
اب ذرا سنجیدہ مدعا اختیار کیا جائے۔ مہنگائی نے مخلوقِ خدا کی چیخیں نکلوا دی ہیں۔ ہر کوئی دہائی دیتا نظر آتا یے لیکن بازاروں میں تل دھرنے کو جگہ نہیں ملتی۔ سب اخراجات جوں کے توں ہیں اور کوئی ماننے کو تیار ہی نہیں کہ بہت سے لوازمات غیر ضروری ہیں۔ بہت سی چیزیں بس یونہی لے لی جاتی ہیں۔ مہنگے کپڑے (ساری میچنگ کے ساتھ) اور ہوٹلنگ اکثر شو بازی کے لیے کی جاتی ہے۔
کیا ہم ان کسی چیز کو منہا نہیں کر سکتے؟
تھوڑے کم قیمت کپڑے پہننے میں کوئی مضائقہ تو نہیں۔
چار کے بجائے ایک دو کھانے بھی پیٹ بھرنے کے لیے کافی ہیں۔افطاری اونچی جگہوں پر کروانا ضروری نہیں۔
اور ہاں اگر آپ روزہ نہیں رکھ سکتے تو کیا آپ نے فدیہ ادا کر دیا ہے؟
کیا آپ نے اپنے ذمہ واجب الادا زکوٰۃ دے دی ہے؟
اگر نہیں تو جلد از جلد اس فرض سے سبکدوش ہو جائیں۔ آپ کی بدولت کسی کی زندگی میں ذرا سی آسانی در آئے گی اور اللہ سبحانہ و تعالٰی آپ کو بہترین اجر دے گا۔
اللہ سبحانہ و تعالٰی ہم سب کو ہدایت کے راستے پر رکھے۔
آمین ثم آمین
پہلا روزہ بخیر و عافیت مکمل ہوا الحمدللہ۔ تصویر میرے بھائی کی افطاری کی ہے۔
#FehmeedaFaridKhan
#The_Fehmiology
#FFKhan
#FFK
#FFKBlog
#TravelWithMe
#TravelBlogger
#ContentWriter
Previous Blog of the Author Glaciers in Pakistan
بہت اچھا کام، ہم امید کرتے ہیں کہ اللہ آپ کو جزائے خیر دے گا۔