Devil’s Advocate – Hollywood Movie – Urdu Review

Devil's Advocate

Devil’s Advocate

شیطان: تم پچھتاوے کا بوجھ آخر کس لیے اٹھائے پھر رہے ہو؟خدا کے لیے؟ چلو میں تمہیں خدا کے بارے میں تھوڑی سی اندر کی معلومات دیتا ہوں۔ خدا کو تماشہ پسند ہے۔

ذرا سوچو۔۔۔

وہ تمہیں جبلتیں عطا کرتا ہے۔ تمہیں بیش بہا تحفہ عطا کرتا ہے۔ پھر پتہ ہے وہ تمہارے ساتھ کیا کرتا ہے؟ میں اس کی قسم کھا کر کہتا ہوں وہ اپنی تفریح کے لیے اس کے (عطا کیے گئے تحفے) بالکل مخالف قانون بنا دیتا ہے۔

دیکھو لیکن چھوؤ مت۔۔۔

چھوؤ لیکن چکھو مت۔۔۔

چکھو لیکن نگلو مت۔۔۔

.

جب اس کے مذاق کا شکار ہو کر تم ایک قدم سے دوسرے قدم پر اچھل رہے ہوتے ہو۔ تب پتہ ہے وہ کیا کر رہا ہوتا ہے؟ تمہاری بے بسی پر قہقہے لگا رہا ہوتا ہے۔ وہ بہت چالاک ہے، بہت اذیت پسند ہے۔ وہ ایک ایسا مالک مکان ہے، جس کے پاس مکان تو ہے لیکن وہ اس مکان میں خود رہنا پسند نہیں کرتا۔

کیا تم ایسے خدا کو پوجو گے؟

کبھی نہیں۔

کیون لومیکس: یعنی تم کہنا چاہتے کہ جہنم میں حکمرانی کرنا جنت میں خدمت کرنے سے بہتر ہے۔ ایسا ہی ہے نا؟

شیطان: بالکل میرا یہی مطلب تھا۔ یہاں زمین پر ہر چیز میری ناک کے نیچے ہی تو ہو رہی ہوتی ہے۔

.

اوپر دیا گیا مکالمہ شیطان کا وکیل مووی سے لیا گیا ہے جو شیطان اور انسان کے درمیان تھا۔

Devil’s advocate

اسلام، عیسائیت اور یہودیت سمیت تقریباً سبھی مذاہب شیطان کو بدی کا نمائندہ مانا جاتا ہے۔ ہر مذہب مانتا ہے شیطان کی خدا سے جنگ ازل سے ہے اور ابد تک رہے گی۔

اس فلم میں نیکی اور بدی کی اسی کشمکش کو ایک بالکل الگ نظریہ کے تحت فلمایا گیا ہے۔ کیون لومیکس ایک وکیل ہے۔ ایک ایسا وکیل جس نے کبھی کوئی کیس نہیں ہارا۔ کیس جیتنے کے لیے وہ ہر حربہ آزماتا ہے۔ اسے علم ہوتا ہے استاد نے اپنی شاگرد کو ہراساں کیا ہے۔ لیکن وہ اس استاد کو صاف بچا لیتا ہے۔ اسے ملک کی سب سے بڑی کا فرم میں ملازمت ملتی ہے۔ شاندار گھر اور بہت سی سہولیات کے عوض کیون یہ پیشکش قبول کر لیتا ہے۔

پھر اسے پتہ چلتا ہے جس فرم میں وہ کام کر رہا ہے وہ ایک شیطانی فرم ہے۔ اس کا کام ہی بدی کو فروغ دینا اور بڑے جرائم میں ملوث مجرموں کو بچانا ہوتا ہے۔

.

ایک وقت ایسا بھی آتا ہے جب شیطان خود کیون کے سامنے ظاہر ہوتا ہے۔ وہ اسے دجال کو جنم دینے کی پیشکش کرتا ہے۔ یہاں مکالمے پوری مووی کی جان ہیں۔

کیون دجال کر جنم دے گا یا شیطان سے مقابلہ کرے گا؟

اگر شیطان سے مقابلہ کرے گا تو کیسے؟

دنیا میں کیون سے بھی زیادہ برے لوگ موجود تھے۔ پھر کیون کا انتخاب کیوں کیا گیا؟

کیون کی ذات کا وہ کون سا راز تھا، جس کے بارے میں اسے بالکل آخر میں پتہ چلتا ہے؟

Devil’s advocate

ان سوالوں کے جواب تو آپ کو مووی دیکھ کر ہی مل سکتے ہیں۔ کیانو ریوز اور الپاچینو کی لاجواب اداکاری کی خاطر ایک بار مووی دیکھی جا سکتی ہے۔

تبصرہ نگار: فرحان رضا

Previous Review by the same Author Notebook

Leave a Comment