دورِ جنوں | مسحور کن کہانیوں کا مجموعہ

دورِ جنوں از عنیزہ سید

یہ ۲۰۲۲ء کا اختتام تھا جب یہ کتاب شائع ہو کر میرے ہاتھوں میں آئی اور پھر انتظار کے پہیے میں چلتی رہی۔ اس سارے عرصے میں دورِ جنوں اور سحر جو شب سے دونوں کتابیں میری سائیڈ ٹیبل کی زینت بنی رہیں۔ کہتے ہیں جب جو کتاب پڑھنے کا وقت ہو، چن لی جاتی ہے۔

دورِ جنوں عنیزہ آپا کے ۱۳ مختصر ناولٹوں کا مجموعہ ہے۔۔عنیزہ سید اور نگہت سیما کی تحاریر پڑھ کر مجھے نوے کا وہ دور یاد آتا ہے۔ وہ ٹیلی فون، خط و خطابت اور اخبار کے دفاتر کا دور ہوا کرتا تھا۔ وہ دور مجھ جیسے قارئین کو بہت مسحور کرتا ہے۔ کتاب میں موجود سب تحریریں ایک سے بڑھ کر ایک ہیں۔

سعدیہ عزیز آفریدی عنیزہ آپا کے لیے لکھتی ہیں۔ عنیزہ سید وہ نام ہے جسے پڑھنے کا بھی ایک الگ ہی رومانس تھا۔ ان کی تحریریں ایک شاداب اور سر سبز منظر تھا۔ ہم قاری اس مہک کے اسیر بنے چلتے چلے جاتے۔ وہ جو لکھتیں، وہ ایک کمال فن ہوتا۔ ان کی تحاریر فیری لینڈ کے قصوں پر مبنی نہیں ہوتی تھیں۔ یہی دورِ جنوں کی بھی اساس ہے۔

عنیزہ سید زندگی لکھتی تھیں۔ زندگی کے مشکل دور سے گزرنے اور فاتح ہونے کی تھیوری انہوں نے پڑھائی جو آج تک ذہن میں ایک نشے کی طرح طاری ہے۔ وہ عام کردار تو لکھتی ہیں لیکن ان کا کردار اپنے بول چال اور سوچ سے اپنے آپ کو خود خاص بناتا چلا جاتا ہے۔ خوب صورت فلسفہ محبت میلوڈی عنیزہ جی کی تحریر میں دیکھی اور پڑھی۔ آج تک یہ خوب صورتی مجھے کہیں نظر نہیں آئی۔ لوگ یا تو فلسفہ لکھتے ہیں یا ایکسٹریم پر جا کر مولوی کردار تراشتے یا مکمل دنیا دار کردار بیان کرتے ہیں۔

~

عنیزہ جی کا یہ بھی کمال ہے وہ ایکسٹریم کردار کم لکھتی ہیں۔ عنیزہ ایک کردار کا بیک گراؤنڈ اس کی نشست و برخاست قابل قبول بنا کر داد و تحسین سمیٹنے کا اوج کمال دیتی ہیں۔ وہ جو لکھتی ہیں ہر وقت میں ایک سند یافتہ تاریخ سی بن جاتی ہے۔ اور محبت لکھنے والے تو ویسے بھی دلوں پر راج کرتے ہیں۔ اس لیے عینزہ جی آپ تا دیر ہمارے دلوں پر راج کرتی رہیں گی۔ آپ قلم کی عزت ہیں۔ اللہ آپ کے قلم کو یونہی سر سبز و شاداب رکھے۔

اور میں کہتا ہوں عنیزہ آپا لکھتی رہا کریں۔ بہت عرصے سے کچھ نہیں لکھا۔ ہم قارئین نئے سلسلہ وار کے منتظر ہیں. دورِ جنوں علی میاں پبلیکیشنز نے شائع کی ہے۔ کور، بائینڈنگ، کاغذ، فونٹ غرض ایک بہت عمدہ کتاب چھاپی۔۔۔ تعریف کے قابل کام۔

آبان احمد

Leave a Comment